باب

1 بحِرقلُزم کا عبُور اور خُداوند نے موُسیٰ سے کلام کر کے فرمایاکہ۔ 2 ۔بنی اِسرائیل کو حُکم کر کہ دُوسری راہ لیں اورفی ہخیروت کے سامنے جو مجدال اور دریا کے درمیان بعل صفون کے آگے ہے قیام کریں۔تم سمنُدر پر اُس کے سامنے اُترو۔ 3 ۔اور فرعُون بنی اَسرائیل کی بابت کہے گا۔ کہ وہ ملک میں گمُراہ ہو گئے ہیں۔ اَور بیابان نے اُنہیں بند کر رکھا ہے۔ 4 ۔اور میَں فرعُون کا دِل سخت کرُوں گا۔اور وہ اُن کا پیچھا کرے گا۔ اور اُس سے اور اُس کے سارے لشکر سے میرا جلال ظاہر ہوگا۔ اَور سب مصری جانیں گے۔ کہ میَں ہی خُداوند ہُوں۔پس اُنہوں نے ایسا ہی کیِا۔ 5 ۔جب مصر کے بادشاہ کو خبر پہنچی کہ لوگ بھاگ گئے۔ تو اس کا دِل اَور اُس کے درباریوں کا دِل اُن کے بارے میں بدلا۔ اَور وہ بولے کہ ہم نے یہ کیا کیِا۔ کہ اِسرائیل کو اپنی خدمت گزُاری سے جانے دِیا۔ 6 ۔سو اُس نے اپنا رتھ تیار کروایا۔ اَور اپنےلوگوں کو اپنے ساتھ لِیا۔ 7 ۔اور اُس سے چُنے ہُوئے چھ سو رتھ لئےاور مصر کے باقی سب رتھ بھی۔ اور اُن پر فوج کے سردار بٹھائے۔ 8 ۔اَور مصر کے بادشاہ فرعُون کا دِل خُداوند نے سخت کیِا۔ اور اُس نے بنی اِسرائیل کا پیچھا کیِاجب کہ بنی اِسرائیل دستِ قادر سے نکالے گئے تھے۔ 9 ۔اَور جب مصری اُن کے پیچھے گئے۔ تو اُنہیں سمنُدر کے کنارے پر اُترے ہُوئے پایا ۔اور فرعُو ن کی سب گاڑیاں اور اُس کے گھوڑے اور اُس کا لشکر فی ہخیروت کے نزدیک بعل صفون کے سامنے تھے۔ 10 ۔اور جس وقت فرعُون نزدیک پہنچا ۔ بنی اِسرائیل نے اپنی آنکھیں اُٹھائیں اور دیکھا کہ مصری اُن کے پیچھے آرہے ہیں۔ تو وہ نہایت ڈر گئے۔ اور بنی اِسرائیل خُداوند کے سامنے چِلائے۔ 11 ۔اور موُسیٰ سے کہا ۔ کیا مصر میں قبریں نہ ہونے کی وجہ سے تُوہمیں بِیابان میں مرنے کے لئے نکال لایا؟ تُو نے ہم سے یہ کیا کیِا؟ کہ ہمیں مصر سے نکالا۔ 12 ۔ کیایہ وہی بات نہیں جو ہم نے تجھ سے مصر میں کہی تھی کہ ہمیں مصریوں کی خدمت کرنے دے۔ کیونکہ اُن کی خدمت کرنی ہمارے لئے بہتر تھی بہ نسبت اِ س کے کہ بِیابان میں مریں؟ 13 ۔تب موُسیٰ نے لوگوں سے کہا ۔خوف نہ کھاؤ۔ کھڑے رہو اور خُداوند کی نجات دیکھوجو آج کے دِن تمہیں ملے گا۔ کیونکہ جیسا آج تم مصریوں کو دیکھتے ہو۔ تم اُنہیں پھر ابد تک ہرگز نہ دیکھو گے۔ 14 ۔ خُداوند تمہارے لئے لڑائی لڑے گا۔ اور تم خاموش رہو گے۔ 15 ۔تب خُداوند نے موسیٰ سے فرمایا ۔ تُو میرے سامنے کیوں چِلاتا ہے؟ بنی اِسرائیل سے کہہ۔ کہ آگے کو چلیں۔ 16 ۔تُو اپنا عصااُٹھا۔ اور سمنُدر پر ہاتھ بڑھا۔ اور وہ دو حصے ہو جائے گا۔ تو بنی اِسرائیل اُس کے بیچ میں سے خشکی پر گزُریں۔ 17 ۔اَور دیکھو میَں مصریوں کے دِلوں کو سخت کرُوں گا۔اَور وہ اُن کے پیچھے آئیں گےاور فرعُون اور اُس کے سب لشکروں اور رتھوں سے اور سواروں سے میرا جلال ظاہر ہوگا۔ 18 ۔ تو مصری جانیں گے کہ درحقیقت میَں ہی خُداوند ہُوں۔ جبکہ میَں فرعُون اور اُس کے رتھوں اور سواروں سے جلال پاؤں گا۔ 19 ۔اَور خُداوند کا فرشتہ جو اِسرائیل کے لشکر کے آگے آگے چلتا تھا۔ وہاں سے ہٹ کے اُن کے پیچھے آگیا۔ اَور بادل کا ستُون بھی اُن کے آگے سے ہٹااور اُن کے پیچھے آکر ٹھہر گیا۔ 20 ۔اور وہ مصریوں کے لشکر اور اِسرائیل کے لشکر کے درمیان آیا۔ اَور وہ مصریوں کے لئے سیاہ بادل تھا۔ پر بنی اِسرائیل کے لئے رات کو روشنی دیتا تھا۔ چُنانچہ وہ رات بھر ایک دُوسرے کے نزدیک نہ آسکے۔ 21 ۔اور موُسیٰ نے اپنا ہاتھ سمنُدر پر بڑھایا۔ اور خُداوند نے تنُد مشرقی ہوا کے ذریعہ سے جو رات بھر چلتی رہی سمنُدر کو پیچھے ہٹایا۔ یہاں تک کہ وہ خُشک زمین ہوگیا۔ او ر پانی دو حصے ہوگیا۔ 22 ۔اور بنی اِسرائیل سمنُدر کے بیچ خشکی پر گزُرے ۔ اَور اُن کے دائیں اور بائیں پانی دیوار کی طرح تھا۔ 23 ۔اور مصریوں نے اُن کا پیچھا کیِااَور اُن کے پیچھے ہی فرعُون کے سب گھوڑے اور رتھ اور سَوار سمنُدر کے بیچ میں آئے۔ 24 ۔اَور صبح کے پہرمیں خُداوند نے آگ اور بادل کے ستُون میں سے مصریوں کے لشکر پر نظر کی۔ اور مصریوں کے لشکر کو گھبرا دِیا۔ 25 ۔اور اُ ن کےرتھ کے پہیے روکے کہ وہ مشکل سے چلتی تھیں۔ تو مصریوں نے کہا ۔ اِسرائیل کے سامنے سے بھاگ چلو۔ کیونکہ خُداوند اُن کے لئے مصریوں کو مارتا ہے۔ 26 ۔تب خُداوند نے موُسیٰ سے فرمایا۔ کہ اپنا ہاتھ سمنُدر پر بڑھاکہ مصریوں پر اُور اُن کے رتھوں اور سَواروں پر پانی پھر آجائے۔ 27 ۔اَور موُسیٰ نے اپنا ہاتھ سمنُدر پر بڑھایا اور پَو پھٹنے کے وقت سمنُدر اپنی اصلی جگہ لوٹا اور بھاگتے ہُوئے مصریوں کو آملا۔ اَور خُداوند نے مصریوں کو سمنُدر کے بیچ غرق کیِا۔ 28 ۔اَور پانی واپس آیا اور فرعُون کے سب لشکر کے رتھوں اور سَواروں کو جو اُن کے پیچھے سمنُدر کے بیچ میں آئے تھےڈھانپ لیِا۔ اور اُن میں سے ایک بھی باقی نہ رہا۔ 29 ۔اور بنی اِسرائیل سمنُدر کےبیچ خشکی پر چلے۔ اَور پانی اُن کے دائیں اور بائیں دیوار کی طرح تھا۔ 30 ۔سو اُس دِن خُداوند نے بنی اِسرائیل کو مصریوں کے ہاتھ سے خلاصی بخشی۔ اور اِسرائیل نے سمنُدر کے کنارے پر مصریوں کی لاشیں دیکھیں۔ 31 ۔ اَور اسرائیل نے وہ بڑی قدرت جو خُداوند نے مصریوں پر ظاہر کی دیکھی۔ تو لوگ خُداوند سے ڈرے ۔اَور اُس پر اُس کے خادم موُسیٰ پر ایمان لائے۔