باب

1 ہارون کی پہلی قُربانی جب آٹھواں دن ہوا تو موسیٰ نے ہارون اور اُس کے بیٹوں اور اِسرائیل کے بزرگوں کو بُلایا۔ 2 اور اُس نے ہارون سے کہا۔ کہ تُو ایک بچھڑا خطا کی قُربانی کے لئے اور ایک مینڈھا سوختنی قُربانی کے لئے لے۔ دونوں بے عیب ہوں۔ اور اُنہیں خداوند کے آگے گزران۔ 3 اور بنی اِسرائیل سے خطاب کرکے کہہ۔ کہ ایک بکرا خطا کی قُربانی کے لئے اور ایک بچھڑا اور ایک برّہ۔ دونوں یک سالہ اور بے عیب۔ سوختنی قُربانی کے لئے لیں۔ 4 اور ایک بَیل اور ایک مینڈھا سلامتی کی قُربانی کے لئے خداوند کےسامنے ذبح کئےجائیں اور نذر کی قُربانی تیل سے ملی ہوئی ہو۔کیونکہ آج کے دن خُداوند تُم پر ظاہر ہوگا۔ 5 تب وہ جو کچھ موسیٰ نے حکم کیا خیمہ اجتماع کے سامنے لائے اور ساری جماعت نزدیک آئی اور خداوند کے آگے کھڑی ہوئی۔ 6 موسیٰ نے کہا۔ یہ وہ کام ہے جس کے کرنے کا تمہیں خداوند نے حکم دیا ہے۔اور خداوندکا جلال تُم پر ظاہر ہوگا۔ 7 اور موسیٰ نے ہارون سے کہاکہ مذبح کے نزدیک جا اور اپنی خطا کی قُربانی اور اپنی سوختنی قُربانی گزران اور اپنے لئے اور قوم کے لئے کَفّارہ دے۔ اور قوم کی قُربانی گزران اور اُن کے لئے کَفّارہ دے۔ جیسا کہ خداوند نے حکم کیا ہے۔ 8 تب ہار ون مذبح کے نزدیک گیا۔ اور اپنی خطا کی قُربانی کا بچھڑا ذبح کیا۔ 9 اور ہارون کے بیٹے خون اُس کے پاس لائے۔ تو اُس نے اپنی اُنگلی اُس میں ڈبوئی اور مذبح کے سینگوں پرلگایا اور باقی ماندہ خون مذبح کے پائے کے پاس اُنڈیلا۔ 10 اور چربی اور دونوں گردے اور کلیجہ کی جھلی خطاکی قُربانی میں سے مذبح پرجلائے۔ جیسا کہ خداوندنے موسیٰ کو حکم دیا تھا۔ 11 اور گوشت اور کھال کو خیمہ گاہ سے باہر آگ سے جلایا۔ 12 پھر سوختنی قُربانی کو ذبح کیا اور ہارون کے بیٹوں نے خون اُسے دیا۔تواُس نے مذبح پر اُس کے گردا گرد چِھڑکا۔ 13 پھر سوختنی قُربانی کے ٹکڑے ساتھ اُس کے سرکے اُسے دئیے۔تو اُس نےاُنہیں مذبح پر جلایا۔ 14 اور انتڑیاں اور پائے دھوئے اور اُنہیں مذبح پر سوختنی قُربانی کے اُوپر جلایا۔ 15 پھر وہ لوگوں کی قُربانی آگے لایا۔ اور خطا کی قُربانی کا بکرالیا جو لوگوں کے لئے تھا۔ اور اُسے پہلی قُربانی کے طور پر چڑھایا۔ 16 تب سوختنی قُربانی کو آگے لایا اور حکم کے موافق اُسے چڑھایا۔ 17 پھر نذر کی قُربانی آگے لایا اور اُس سےایک مٹھی بھری اور اُسے مذبح پرصبح کی سوختنی قُربانی کے علاوہ جلایا۔ 18 اور بیل اور مینڈھے کو لوگوں کی سلامتی کی قُربانی کےلئے ذبح کیا۔ اور ہارون کے بیٹوں نے خون اُسے دیا۔ تو اُس نے مذبح پر اُس کے گردا گرد چِھڑکا۔ 19 اور بیل کی چربی اور مینڈھے کی موٹی دُم ار اُس چربی کو جس سے انتڑیاں ڈھنپی رہتی ہیں اور دونوںگردے اور کلیجہ کی جھلی۔ 20 اور چربی کو مع سینوں کے لیاتب چربی مذبح پر جلائی۔ 21 اور دونوں سینو ں اور دہنےشانہ کو ہارون نے خُداوند کے آگے ہلانےکی قُربانی کے لئے ہلایا۔ جیسا کہ خُداوند نے موسیٰ کو حکم دیا تھا۔ 22 تب ہارون نے اپنے ہاتھ لوگوں کو اُٹھائے اور اُنہیں برکت دی۔ اور خطا کی قُربانی اور سوختنی قُربانی اور سلامتی کی قُربانی گزراننے کے بعد وہ نیچے اُتر آیا۔ 23 اور موسیٰ اور ہارون حضوری کے خیمہ میں داخل ہوئے۔ پھر باہر نکلے اور لوگوں کو برکت دی۔ تب تمام لوگوں پر خداوند کا جلال ظاہر ہوا۔ 24 اور خداوند کے حضور سے آگ نکلی۔ اور سوختنی قُربانی اور چربی کو جو مذبح پر تھی کھا گئی۔ اور سب لوگوں نے دیکھا۔ اور للکار کر خداوند کی حمد کی اور مُنہ کے بَل گرے۔