باب

1 خطا اور سلامتی کی قُربانیاں اور خطا کی قُربانی کی یہ شریعت ہے۔ وہ نہایت مقُدس ہے۔ 2 خطا کی قُربانی سوختنی قُربانی کی جگہ میں ذبح کی جائے اور اُس کا خون مذبح پر اُس کے گردا گرد چھڑِکا جائے۔ 3 اور وہ اُس کی دُم کی سب چربی اور چربی جو اَنتڑیوں کو ڈھانپتی ہے۔ چڑھائے۔ 4 اور دونوںگرُدے اور اُن پر کی چربی جو دونوں پہلوئوں میں ہے۔ اور کلیجہ کی جِھلّی کے ساتھ دونوں گرُدوں کے جدا کرے۔ 5 اور کاہن اُنہیں مذبح پر جلائے کہ خداوند کے لئے آتشین قُربانی ہو۔ کیونکہ یہ خطا کی قُربانی ہے۔ 6 کاہنوں میں سے ہر ایک مرد اُسے کھائے۔ پاک جگہ میں وہ کھائی جائے۔ کیونکہ وہ نہایت مقدس ہے۔ 7 تقصیر کی قربانی خطا کی قُربانی کی طرح ہے۔ دونوں کے لئے ایک ہی شریعت ہے۔ جو کاہن اُس سے کفارہ دیتا ہے وہ اُسی کی ہو گی۔ 8 اور جو کاہن کسی شخص کی سوختنی قُربانی گزرانتا ہے۔ گزراننے کے بعد کھال اُس کی ہو گی۔ 9 اور ہر ایک نَذر کی قُربانی جو تنور میں پکائی گئی یا ہانڈی میں یا تَوے پر بنائی گئی اُس کاہن کی ہو گی جو اُسے گزرانتا ہے۔ 10 اور ہر ایک نَذر کی قُربانی تیل میں ملی ہوئی یا خشک ہارون کے سب بیٹوں کی ہو گی۔ ہر ایک اپنے بھائی کے برابر۔ 11 اور سلامتی کے ذبیحہ کی جو خُداوند کے لئے گزرانا جائے یہ شریعت ہے۔ 12 اگر شُکرانہ کے لئے گزرانا جائے تو وہ شکرانہ کے ذبیحہ کے ساتھ بے خمیری روغنی کُلچے اور بے خمیری تیل سے چُپڑی ہوئی چپاتیاں اور تیل میں پکے ہوئے میدہ کے کُلچے گزرانے۔ 13 خمیری روٹی کے کُلچوں کے ساتھ وہ اپنی قُربانی شکرانے کے ساتھ ذبیحہ کے جو سلامتی کا ہے گزرانے۔ 14 اور اس ساری قُربانی میں سے ایک خُداوند کے رُوبرو اُٹھانے کی نذر کے لئے گزرانے۔ وہ اُس کاہِن کا ہو گا جو سلامتی کے ذبیحہ کا خون چِھڑکتا ہے۔ 15 اور سلامتی کے شُکرانے کے ذبیحہ کا گوشت قُربانی کے دن ہی کھایا جائے۔ اُس میں سے کچھ اگلے دن تک نہ چھوڑا جائے۔ 16 اور اگر اُس کی قُربانی کا ذبیحہ مَنت کا یا اپنی خوشی کا ہو تو وہ اُس کے گزراننے کے دن میں کھایا جائے اور جو بچ رہے وہ اگلے دن کھایا جائے۔ 17 لیکن ذبیحہ کے گوشت میں سے جو تیسرے دن تک بچ رہے۔ وہ آگ میں جلایا جائے۔ 18 اور اگرسلامتی کے ذبیحہ کے گوشت میں سے تیسرے دن کچھ کھایا جائے تو وہ نامقبول ہو گا۔ اور گزراننے والے کا گنِا نہ جائے گا۔ بلکہ وہ مکروہ ہو گا اور جو شخص اُس میں سے کھائے گناہ اُس کے سر پر ہو گا۔ 19 اور جو گوشت کسی ناپاک چیز کو چھوئے تو وہ کھایا نہ جائےبلکہ آگ میں جلایا جائے۔ ہر ایک جو پاک ہے۔ اس سلامتی کی قُربانی کا گوشت کھائے۔ 20 اگر کوئی شخص جبکہ اُس پر نجاست ہے۔ سلامتی کے ذبیحہ کا جو خداوند کے لئے گزرانا گیا گوشت کھائے۔ تو وہ شخص اپنے لوگوں میں سے خارج کیا جائے گا۔ 21 اگر کوئی شخص نجس چیز کو چھوئے۔ انسان کی یا ناپاک چوپائے کی نجاست کو یا پلید کو جو ناپاک کرتی ہے۔ اور سلامتی کے ذبیحہ میں سے جو خداوند کے لئے گزرانا گیا ہے کھائے تو وہ شخص اپنے لوگوں میں سے خارج کیا جائے گا۔ 22 اور خُداوند نے موسیٰ سے کلام کر کے فرمایا۔ 23 بنی اِسرائیؔل سے کلام کر اور اُس سے کہہ دے کہ سب چربی بیل کی یا بھیڑ کی یا بکری کی وہ نہ کھائیں۔ 24 اور خود بخود مرے ہوئے اور درندوں کے پھاڑے حیوان کی چربی ہر کام میں استعمال کی جائے۔ پر تم اُسے نہ کھاؤ۔ 25 جو کوئی ایسے چوپائے کی چربی کھائے کہ جس سے خداوند کے لئے آتشین قُربانی گزرانی جاتی ہے۔ وہ اپنے لوگوں میں سے خارج کیا جائے گا۔ 26 اور تم اپنے مسکنوں میں نہ پرندہ اور نہ چوپایہ کا خون کھاؤ۔ 27 اور جس شخص نے خون میں سے کچھ کھایا وہ شخص اپنے لوگوں میں سے خارج کیا جائے گا۔ 28 اور خداوند نے موسیٰ سے کلام کر کے فرمایا۔ 29 بنی اِسرائیل سے خطاب کر اور کہہ۔ کہ جو کوئی سلامتی کا ذبیحہ خداوند کے لئے گزرانے۔ تو اپنے سلامتی کے ذبیحہ میں سے خداوند کے لئے خود قُربانی لائے۔ 30 وہ خداوند کی آتشین قُربانیوں کو اپنے ہاتھوں سے اُٹھائے۔ اور چربی سینے کے ساتھ لائے۔ کہ سینہ ہلانے کی قُربانی کے لئے خداوند کے سامنے ہلایا جائے۔ 31 اور کاہن چربی کو مذبح پر جلائے اور سینہ ہارون اور اُس کے بیٹوں کا ہو گا۔ 32 اور اپنے سلامتی کے ذبیحوں میں سے تم دہنی ران کاہن کو اُٹھانے کی قُربانی کے لئے دو۔ 33 ہارون کے بیٹوں میں سے جو سلامتی کے ذبیحہ کا خون اور چربی گزرانتا ہے۔ دہنی ران اُس کی ہو گی۔ 34 کیونکہ بنی اِسرائیل کی سلامتی کے ذبیحوں میں سے مَیں نے ہلائے جانے کا سینہ اور اُٹھائے جانے کی ران لیا ہے۔ اور ہارون اور اُس کے بیٹوں کو دیا ہے۔ یہ ابدی فرض بنی اِسرائیل میں ہو گا۔ 35 یہ خداوند کی آتشین قُربانیوں میں سے ہارون اور اُس کے بیٹوں کا حصہ ہے۔ جس روز وہ نذر کئے گئے تاکہ خداوند کے کاہن بنیں۔ 36 اور جس کا خداوند نے حکم کیا کہ اُن کے مَسح کے دن بنی اِسرائیل میں سے اُنہیں دیا جائے۔ اُن کی پُشتوں کے دوران میں یہ اَبدی فرض ہے۔ 37 سوختنی قُربانی اورنذر کی قربانی اور خطا کی قربانی اور تقصیر کی قربانی اور تقدیس اور سلامتی کے ذبیحہ کی یہی شریعت ہے۔ 38 جس کا خداوند نے موسیٰ کو کوہِ سینا پر حکم دیا۔ جس روز کہ اُس نے بنی اسرائیل کو فرمایا کہ بیابان سینا میں خداوند کے لئے اپنی قُربانیاں گزرانیں۔