باب

1 جرائم کی سزا اورخُداوند نے موُسیٰ سے کلام کرکے فرمایا۔ 2 بنی اسرائیلؔ سے کہہ۔کہ اگر کوئی شخص بنی اسرائیل میں سے اوراجنبیوں میں سے اسرائیل میں رہتے ہیں ۔اپنی نسل میں سے مولک کی نذر کرے ۔وہ ضُرور ماراجائے ۔ملک کے باشندے اسے سنگسار کریں گے ۔ 3 اورمیں اپنا چہرہ اس آدمی کے خلاف کروں گااوراس کے لوگوں کےدرمیان سے اسے خارج کروں گا۔کیونکہ اس نے اپنی نسل میں سے مولک کو دیا۔اورمیرے مقدِس کو ناپاک کیااورمیرے قُدوس نام کو داغ لگایا۔ 4 اگرسرزمین کے باشنِدے اس انسان سے جس نے اپنی نسل میں سے مولک کو دیا۔چشم پوشی کریں اور اُسے قتل نہ کریں۔ 5 تومیں اپنا چہرہ اس شخص کے اور اُس کے خاندان کے خلاف کروں گا ۔ اوراُسے اور ان سب کو جو مولک کی پیروی کر کے اس کی بدکاری میں مُتفق ہوئے ۔ان کے لوگوں میں سے خارج کردوں گا۔ 6 اور اگر کوئی شخص جادُوگروں اور فال گیرِوں کی طرف رجوع ہو۔ تاکہ اُن کی پیروی میں بدکاری کرے۔ میَں اپنا چہرہ اُس شخص کے خلاف کروں گا۔ اور اُسے اُس کے لوگوں میں سے خارج کر دوں گا۔ 7 پس تم اپنے آپ کو پاک کرو۔ اور پاک ہو۔ کیونکہ مَیں خداوند تمہارا خدا خدا ہوں۔ 8 اور میری شریعتوں کو مانو اور اُن پر عمل کرو۔ میَں خداوند تمہیں مقُدس کرنے والا ہوں۔ 9 جو انسان اپنے باپ یا اپنی ماں پر لعنت کرے۔ وہ ضرور مار ڈالا جائے۔ کیونکہ اُس نے اپنے باپ یا اپنی ماں پر لعنت کی۔ اُس کا خون اُسی پر ہے۔ 10 اور جومرد دوسری عورت کے ساتھ جو اُس کے ہمسایہ کی ہو زِنا کرے۔ تو زِنا کرنے والا اور زِنا کرنے والی مار ڈالے جائیں۔ 11 اگر کوئی اپنے باپ کی بیوی سے ہم بستر ہو۔ اُس نے اپنے باپ کے بدن کو بے پردہ کیا تو وہ دونوں مار ڈالے جائیں۔ اُن کا خون اُن ہی پر ہو گا۔ 12 اگر کوئی اپنی بہو سے ہم بستر ہو تو دونوں مار ڈالے جائیں۔ کیونکہ اُنہوں نے اشد شرارت کی ہے اُن کا خون اُن پر ہو گا۔ 13 اگر کوئی مرد سے صحبت کرے جیسے عورت سے کی جاتی ہے تو اُنہوں نے مکروہ کام کیا۔ وہ دونوں مار ڈالے جائیں۔ اُن کا خون اُن ہی پر ہو گا۔ 14 اگر کوئی آدمی کسی عورت اور اُس کی ماں دونوں کو رکھے یہ حد درجہ کی بے حیائی ہے۔ وہ اُن دونوں کے ساتھ آگ میں جلایا جائے تاکہ تمہارے درمیان ایسی بے حیائی نہ رہے۔ 15 اگر کوئی چوپائے کے ساتھ جماع کرے تو وہ ضرور قتل کیا جائے اور چوپایہ بھی مار ڈالا جائے۔ 16 اگر کوئی عورت جانور کے نزدیک جائے کہ اُس سے جماع کرائے تو عورت اور جانور کو تُو قتل کر۔ وہ دونوں ضُرور قتل کئے جائیں۔ اُن کا خون اُن پر ہو گا۔ 17 اگر کوئی مرد اپنی بہن اپنے باپ کی بیٹی یا اپنی ماں کی بیٹی کو لے۔ اور وہ ایک دوسرے کے بدن کو دیکھیں یہ شرم کی بات ہے۔ وہ دونوں اپنے لوگوں کی آنکھوں کے سامنے خارج کئے جائیں۔ کیونکہ اُس نے اپنی بہن کو بے پردہ کیا۔ گناہ اُس کے سر پر ہو گا۔ 18 اگر کوئی حیض والی عورت سے ہم بستر ہو ۔تو اُس نے اُس کے بدن کو بے پردہ کیا۔ اور اُس کا چشمہ کھولا۔ اور اُس عورت نے اپنے خون کا چشمہ کھلوایا۔ تو وہ دونوں اپنے گروہ میں سے خارج کئے جائیں۔ 19 اور تُو اپنی خالہ اور اپنی پھوپھی کے بدن کو بے پردہ نہ کر۔ جو کوئی ایسا کرتا ہے وہ اپنی قریبی رشتہ دار کو بے پردہ کرتا ہے تو گناہ دونوں کے سر پر ہو گا۔ 20 اگر کوئی اپنے چچا کی بیوی سے ہم بستر ہو تو اُس نے اپنے چچا کے بدن کو بے پردہ کیا۔ گناہ اُن دونوں کے سر پر ہو گا اور وہ بے اولادرہیں گے۔ 21 اگر کوئی اپنے بھائی کی بیوی کو لے تو یہ اُس کے لئے ناجائز ہے۔ اُس نے اپنے بھائی کے بدن کو بے پردہ کیا تو وہ بے اولاد رہیں گے۔ 22 سو تم میری سب شریعتوں اورحکموں کو مانو اور اُن پر عمل کرو۔ تاکہ وہ زمین جس میں مَیں تمہیں داخل کرتا ہوں کہ تم وہاں بسو۔ تمہیں قَے نہ کر دے۔ 23 اور اُن قوموں کے دستُوروں پر جنہیں میَں تمہارے آگے سے نکالتا ہوں۔ تم مت چلو۔ کیونکہ اُنہوں نے ایسے کام کئے تومیَں نے اُن سے نفرت کی۔ 24 اور تم سے مَیں نے کہا۔ کہ تم اُن کی سر زمین کے وارث ہو گے اور میَں اُسے تمہیں دوں گا کہ تم اُس کے وارث ہو۔ وہ سر زمین جس میں دُودھ اور شہد بہتا ہے۔ میَں خُداوند تمہارا خدا ہوں۔ جس نے تمہیں قوموں میں سے جدا کیا ہے۔ 25 اِس لئے تم پاک اور ناپاک چوپایوں اور پاک اور ناپاک پروندوں میں تمیز کرو۔ اور تم چوپایوں اور پرندوں اور اُن سب سے جو زمین پر رینگتے ہیں۔ جنہیں میَں نے تمہیں ناپاک بتایا ہے۔ اپنے آپ کو پلید نہ کرو۔ 26 اور تم میرے لئے پاک ہو۔ کیونکہ میَں بہت پاک ہوں۔ میَں خُداوند ہوں۔ میَں نے تمہیں قوموں سے الگ کیا ہے تاکہ تم میرے ہو۔ 27 اور کوئی مرد یا عورت جو جادُو گر یا فال گیر ہے وہ ضُرور قتل کیا جائے وہ سنگسار کیا جائے۔ اُس کا خُون اُسی پر ہو گا۔