باب

1 ذبح کی شریعت اور خُداوند نے موسیٰ سے کلام کرکے فرمایا۔ 2 کہ ہارون اور اُس کے بیٹوں اور تمام بنی اسرائیل سے خطاب کر اور اُن سے کہہ۔ کہ خداوند نے یہ فرمایا ہے۔ 3 کہ اگر کوئی شخص اسرائیلؔ نے خاندان میں سے بیل یا بھیڑیا بکری خیمہ گاہ میں یا خیمہ گاہ سے باہر ذبح کرے۔ 4 اور اُسے خیَمہ اجتماع کے دروازہ پر خداوند کی قُربانی گزارننے کے لئے اُس کے مسکن کے آگے نہ لائے۔ تو اُس پر خُون کا الزام ہوگا ۔کہ اُس نے خون بہایا ۔ تو وہ شخص اپنے لوگوں میں سے خارج کیا جائے گا۔ 5 تاکہ بنی اسرائیل اپنی قُربانیا ں جنہیں وہ میدان میں ذبح کرتے ہیں۔ کاہن کے پاس لائیں اور اُنہیں خُداوند کے لئے خیمہ اجتماع کے دروازہ پر گزرانیں اور خداوند کے لئے سلامتی کی قُربانیاں ذبح کریں۔ 6 تو کاہِن اُن کا خون خیَمہ اِجتماع کے دروازہ کے پاس خُداوند کے مذبح پر چھڑکے۔ اور اُس کی چربی کو خداوند کی عمدہ خوشبو کے لئے جلائے۔ 7 اور آگے کو وہ شیاطین کے لئے جن کے پیرو ہوکر اُنہوں نے بدکاری کی اپنی قُربانیاں ذبح نہ کریں گے۔ یہ اُن کے لئے ابدی فرض پُشت در پُشت ہوگا۔ 8 اورتو ان سے کہہ کہ جو کوئی شخص اسرائیل کے خاندان میں سے یا پردیسیوں میں سے جو ان کے درمیان ہے ۔اپنی سوختنی قربانی یاذبیحہ چڑھائے 9 اوراسے خیمہ اجتماع کے دروزہ پرخداوند کے لئے چڑھائے کو نہ لائے ۔وہ شخص اپنے لوگوں میں سے خارِج کیاجائے گا۔ 10 خّون خوری ممنوع اگر کو ئی شخص اسرائیل کے خاندان میں سے یا پردیسیوں میں سے جو ان کے درمیان ہیں خون کھائے تو میں اپنا چہرہ اُس خون خور کے خلاف کروں گا۔ اور اُسے اُس کے لوگوں میں سے خارج کردوں گا۔ 11 کیونکہ بدن کی جان خون میں ہے اوراسی واسطے میں نے اسے تم سے مذبح پررکھوایا تاکہ اس سے تمہاری جانوں کاکفارہ دیاجائے ۔کیونکہ خون جان کاکفارہ دیتاہے ۔ 12 اِسی سبب سے میں نے بنی اِسرائیل سے کہا کہ تم میں سے کوئی خون نہ کھائے ۔اورکوئی پردیسی بھی جو تمہارے درمیان ہے خون نہ کھائے 13 اورجو آدمی بنی اسرائیل سے اورپر دیسیوں میں سے جو تمہارے درمیان ہیں کسی جنگلی چوپائے یاپرندہ کاجن کاکھانا روا ہے شکار کرے تو وہ اس کا خون بہائے اوراسے گرد سے چھپاِئے۔ 14 کیونکہ ہرایک بدن کی جان اس کاخون ہے ۔وہ اس کی جان کی جگہ ہے اوراسی واسطے میں نے بنی اسرائیل سے کہا کہ بدن کا خون نہ کھاو ۔کہ ہرایک بدن کی جان اس کاخون ہے ۔جو کو ئی اسے کھائے گاخارج کیاجائے گا۔ 15 اورجو کوئی شخص خودبخودمرے ہوئے یادرندہ کے پھاڑے ہوئے جاندار کا کھائے۔ خواہ دیسی ہو یا پردیسی وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غسل کرے اورشام تک ناپاک رہے ۔تب وہ پاک ہوگا۔ 16 اگرنہ دھوئے اورغسل نہ کرے ۔توگناہ اس کے سر پرہوگا۔