زبُور مُخالِفین کی شِکسَت پر شکُر گُزاری

1 ۔( میر مغّنی کے لئے۔ بطرز " مَوت لَبیّن" مزمُور از داؤد) 2 ۔ (الف) اَے خُداوند مَیں اپنے سارےدِل سے تیرا شکر کرُوں گا۔ مَیں تیرے تمام عجائبات کا بیان کرُوں گا۔ 3 ۔ مَیں تُجھ میں خُوش اَور شاد مان رہُوں گا۔ اَے حَق تعالٰی مَیں تیرے نام کی مَدح سرائی کرُوں گا۔ 4 ۔ (ب) کیونکہ میرے دُشمن پیچھے ہٹ گئے ہَیں۔ وہ گِر پڑے ہَیں اَور تیرے حضُور ہلاک ہُوئے ہَیں۔ 5 ۔ کیونکہ تُو نے میرا حَق اَور میرا مُقدّمہ سنبھالا ہَے عادِل مُنصف ہوتے ہُوئے تُو تخت نِشین ہُؤا ہَے۔ 6 ۔(ج) تُو نے غیر قوموں کو جھڑکا ہَے۔ شریر کو ہلاک کِیا ہَے۔ اُن کا نام اَبدُ الاباد تک مِٹا ڈالا ہَے۔ 7 ۔دُشمن تمام ہوگئے ہَیں وہ ہمیشہ کے لئے تباہ ہوگئے ہَیں۔ اَور تُو نے شہروں کو برباد کر دِیا ہَے ۔اُن کا ذِکر تک مِٹ گیا ہَے۔ 8 ۔( ہ ) لیکن خُداوند اَبد تک تخت نشین ہَے۔ اُس نے اپنا تخت انصاف کے لیے تیاّر کیا ہَے۔ 9 ۔ اَور وہی جہان پر صداقت سے عدالت کرے گا۔ اَور راستی سے قوموں کا اِنصاف کرے گا۔ 10 ۔ (و) اَور خُداوند مظلُوم کی جائے پناہ ہوگا۔ تنگی کے ایّام میں جائے پناہ ۔ 11 ۔پس وہ جو تیرے نام سے واقِف ہَیں تُجھ پر بھروسا رکھیں گے۔ کیونکہ اَے خُداوند تُو اپنے طالبِوں کو ترک نہیں کرتا۔ 12 ۔ (ز) خُداوند کے لیے مُدح سرائی کرو۔جو صیُوؔن میں رہتا ہَے۔ اَور قوموں میں اُس کے کاموں کا بیان کرو۔ 13 ۔ کیونکہ خُون کی باز پُرس نے اُنہیں یاد رکھّا ہَے۔ اُس نے غریبوں کی فریاد کو فراموش نہیں کِیا۔ 14 ۔ (ح ) اَے خُداوند مُجھ پر رحم کر ۔میرے اِس دُکھ پر نظر کر۔ جو مَیں اپنے دُشمنوں سے سہہ رہا ہُوں۔ 15 ۔ تاکہ مَیں صیوؔن کی بیٹی کے دروازوں پر تیری ہر سِتائش کا بیان کرُوں ۔ اَور تیری مدد کے باعِث خُوشی مناؤں۔ 16 ۔ (ط ) غیر قومیں اُسی گڑھے میں گرِی ہَیں جو اُنہوں نے کھودا تھا۔ اَور جو جال اُنہوں نے چھُپایا تھا اُس میں اُن ہی کے پاؤں پھنسے۔ 17 ۔ خُداوند نے اپنے آپ کو ظاہر کِیا ہَے۔ اُس نے عدالت کی ہَے۔ اَور شریر اپنے ہی ہاتھ کے کاموں میں پھنس گیا ہَے۔ ( ھِگا یّون ۔ سِلا ہ ) 18 ۔( ی) شریر قبر میں پلٹائے جائیں۔ یعنی و ہ سب غیر قومیں جو خُدا کو بھُول گئی ہَیں۔ 19 ۔( ک) کیونکہ مِسکین ہمیشہ کے لئے فراموش نہ کِیا جائے گا۔ غریبوں کی اُمیّد اَبد تک توڑی نہ جائے گی۔ 20 ۔ اَے خُداوند اُٹھ۔ اِنسان غالِب نہ آئے۔ تیرے حضُور غیر قوموں کی عدالت کی جائے۔ 21۔ اَے خُداوند اپنا خوف اُن پر ڈال دے۔ اَور غیر قومیں اپنے آپ کو بشر ہی جانیں۔ ( سِلاہ)