زبُور بَد خواہی کے وقت دُعا

1 ۔( میر مغّنی کے لئے نیچی آواز سے زبور از داؤد) 2 ۔ اَے خُداوند نجات دے ۔کیونکہ دِیندار جاتے رہے ہیں ۔ بنی آدم میں سے دِیانتداری مِٹ گئی ہَے۔ 3 ۔ ہر ایک اپنے ہمسائے سے جھُوٹی باتیں بولتا ہَے۔ دغا باز لبوں اَور مُنافق دِل سے بات کرتا ہَے۔ 4 ۔ خُداوند تمام دغا باز لبوں کو ۔ اَور بڑے بول بولنے والی زُبان کو کاٹ ڈالے گا۔ 5 ۔ یعنی اُنہیں جو کہتے ہَیں کہ 'ہم اپنی زُبان کے زور آورہَیں۔ ہمارے ہونٹ ہمارے ہی ہَیں۔کون ہمارا مالک ہَے" 6 ۔ غریبوں کی مُصیبت اَور مِسکینوں کی آہوں کے باعِث خُداوند فرماتاہَے کہ اَب مَیں اُٹھوں گا۔ مَیں اُسے سلامتی دُوں گا جو اُس کے لیے ترستا ہَے۔ 7 ۔ اِقوال خُداوند پاک ہَیں۔ تائی ہوئی چاندی کی مانند خارجی مادہ سے مُبّرا اَور ہفت چندمُصَفا ہَیں۔ 8 ۔ تُو اَے خُداوند ہماری حفاظت کرے گا۔ اِس پُشت سے ہمیشہ ہمیں بچائے رکھّے گا۔ 9۔شریر ہر طرف چلتے پھِرتے ہَیں۔ جب کہ بنی آدم میں سے کمینہ تر لوگ سر بُلند ہوتےہَیں۔