باب 2

1 ۔ دوسری نبوت داؔرا بادشاہ کے دُوسرے برس کے ساتویں مہینے کی اِکیسویں تارِیخ کو خُداوند کا کلام حجّی نبی کی معرفت پُہنچا۔ اُس نے کہا کہ ۔ 2 ۔یہوداہ کے حاکِم زربابل بِن سیالتی ایؔل اَور کاہِن اعظم یشوع بِن یہوصدق اَور دیگر عوام سے کلام کر کے کہہ دے کہ۔ 3 ۔تُم میں کون باقی ہَے جس نے اِس گھر کی پہلی رونق کو دیکھا؟ تو اَب اُسے کیسا دیکھتے ہو؟ کیا تُمہاری نظر میں ناچیز نہیں؟ 4 ۔اَب اَے زربابل حوصلہ رکھّ (خُداوند کا فرما ن ہے) اَے کاہِنِ اعظم یشوع بِن یہوصدق ہَمّت باندھ۔ اَے سرَزمین کے عوام جُرأت کرو۔ (خُداوند کا فرمان ہے) کام کرو۔ کیونکہ مَیں تُمہارے ساتھ ہُوں( ربُّ الافواج کا فرمان یُونہی ہے)۔ 5 ۔ [اُس عہد کے مُطابِق جو مَیں نے تُمہارے مِصؔر سے نِکلتے وقت تُمہارے ساتھ باندھا تھا] میری رُوح تُمہارے درمیان رہتی ہے۔پس ہَمّت نہ ہارو۔ 6 کیونکہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے۔ کہ مَیں تھوڑی مُدّت کے بعد ایک بار پھِر آسمان و زمین اَور بحر وبَر کو ہلِا دُوں گا۔ 7 ۔اَور تمام اَقوام کو بے چین کر دُوں گا۔ اَور تمام اَقوام کی پسندیدہ چیزیں آئیں گی اَور مَیں اِس گھر کو جلال سے معمُور کرُوں گا ( ربُّ الافواج کا فرمان یُونہی ہَے)۔ 8 ۔چاندی میری ہَے اَور سونا میرا ہَے (ربُّ الافواج کا فرمان یُونہی ہَے)۔ 9 ۔اِس پچھلے گھر کی رونق پہلے گھر کی رونق سے زِیادہ ہو گی(ربُّ الافواج فرماتا ہَے) اَور مَیں اِس جگہ میں سلامتی عطا کرُوں گا( ربُّ الافواج کا فرمان یُونہی ہے)۔ 10 ۔ تیسری نبوت داؔرا بادشاہ کے دُوسرے برس کے نویں مہینے کی چوبیسویں تارِیخ کو خُداوند کا کلام حجّی کی معرفت پُہنچا۔ اُس نے کہاکہ۔ 11 ۔ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہَے۔ تُو کاہِنوں سے ہِدایت طلب کر کے کہہ دے کہ ۔ 12 ۔اگر کوئی پاک گوشت اپنے لباس کے دامن میں لئے جاتا ہو اَور دامن روٹی یا سالن یا مَے یا تیل یا کھانے کی کِسی اَور چیز کو چُھو جائے تو کیا یہ چیز پاک ہو جائے گی؟کاہِنوں نے جَواب میں کہا کہ نہیں۔ 13 ۔حجّی نے کہا کہ اگر کوئی کِسی مُردہ کو چُھونے سے ناپاک ہو گیا ہو اَور وہ اِن چیزوں میں سے کِسی کو چھُوئے تو کیا وہ ناپاک ہو جائے گی؟کاہِنوں نے جَواب دے کر کہا کہ ناپاک ہو جائے گی۔ 14 ۔تب حجّی نے خطاب کر کے کہا کہ میرے نزدِیک اِس اُمّت ہاں اِس قوم کا یہی حال ہَے(خُداوند کا فرمان ہے) اَور اِن کے ہاتھوں کے ہر ایک کام کا بھی یہی حال ہے جو کُچھ وہ اُس جگہ گُزرانتے ہَیں وہ ناپاک ہَے۔ 15 ۔پس اَب اَور آئندہ اُس وقت کا خیال رکھّو جبکہ خُداوند کی ہَیکل کا ابھی پتّھر پر پتّھر نہ رکھّا گیا تھا۔ 16 ۔تُمہارا کیا حال تھا؟ جب کوئی بیس کے پیمانوں کے پاس جاتا تھا تو فَقط دس مِلتے تھے؟ جب کوئی حوض کے پاس جاتا تھا تاکہ کولُھو سے پچاس نِکالے تو فقط بیس ہی نِکلتے تھے۔ 17 ۔مَیں نے بادِ سمُوم اَور گیروئی اَور اَولوں سے تُمہارے ہاتھوں کے سب کام کو مارا۔ تاہم تُم میری طرف رجُوع نہ لائے (خُداوند کا فرمان یُونہی ہے)۔ 18 ۔اَب اَور آئندہ اِس کا خیال رکھّو۔ نَویں مہینے کی چوبیسویں تارِیخ سے یعنی خُداوند کی ہَیکل کی بُنیاد کے ڈالے جانے کے دِن سے (اِس کا خیال رکھّو)۔ 19 ۔کیا اِس وقت بیِج کھّتے میں ہَے؟ کیا انگُور اَور اِنجیر اَور انار اَور زیتُون کے درختوں میں پھَل لگے نہیں؟ اُسی دِن سے لے کر مَیں برکت دے رہا ہُوں۔ 20 ۔ چوتھی نبوت اَور اُسی مہینے کی چوبیسویں تارِیخ کو حجّی نے ایک بار پھِر خُداوند کا کلام پایا۔ اُس نے کہا کہ ۔ 21 ۔یہوداہ کے حاکِم زربابل سے کلام کر اَور کہہ دے کہ۔ مَیں آسمان و زمین کو ہِلا دُوں گا۔ 22 ۔مَیں شاہی تختوں کو اُلٹ دُوں گا اَور اقوام کے مُمالِک کی طاقت کو نیست کر دُوں گا۔ مَیں رتھوں کو اَور اُن کے سَواروں کو اُلٹ دُوں گا۔ گھوڑے اَور اُن کے سَوار گِر جائیں گے اَور بھائی بھائی کی تلوار سے قتل ہو جائے گا۔ 23 ۔اُس روز(ربُّ الافواج کا فرمان ہے) اَے زربابل بِن سیالتی ایؔل میرے خادِم! مَیں تُجھے لُوں گا(خُداوند کا فرمان ہے) اَور نِگین دار خاتَم ٹھہراؤں گا۔ کیونکہ مَیں نے تُجھے چُن لِیا ہَے۔ ربُّ الافواج کا فرمان یُونہی ہَے۔